امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی اور ان کے پہلے ہفتے میں کیے جانے والے بڑے پیمانے پر چھاپوں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ آبدیدہ نظر آئیں۔ یہ ویڈیو، جو بعد میں گومز نے ڈیلیٹ کر دی، ان کے لاکھوں مداحوں میں ایک بحث کا باعث بنی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سیلینا گومز نے ویڈیو میں امریکی امیگریشن پالیسی کے تحت غیر قانونی تارکینِ وطن کی بے دخلی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چھاپے خاندانوں کو تقسیم کر رہے ہیں اور ان لاکھوں افراد پر گہرا اثر ڈال رہے ہیں جو بہتر زندگی کے خواب کے ساتھ امریکہ آئے تھے۔

گومز نے اپنی ویڈیو میں کہا یہ دل دہلا دینے والی بات ہے کہ ہمارے ملک میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ ہم انسان ہیں، ہمیں محبت اور ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، لیکن یہ پالیسیاں تکلیف دہ ہیں۔

امریکہ نے پاکستان کی امداد بند کرکے کئی اہم منصوبے روک دئے

صدر ٹرمپ کے امیگریشن کے مشیر نے گومز کی ویڈیو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی پر ’کوئی معافی نہیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات امریکہ کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جذباتی ویڈیوز حقیقت کو نہیں بدل سکتیں۔ ہمارے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ جو لوگ قانون توڑتے ہیں، انہیں نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

ٹرمپ کے حامیوں نے اس اقدام کو ملک کی سلامتی کے لیے ایک ضروری قدم قرار دیتے ہوئے گومز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی لوگوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اپنے قوانین پر عمل درآمد کرے، چاہے وہ کسی کو پسند آئے یا نہ آئے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امیگریشن قوانین کو سخت کرنے اور غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے پہلے ہی ہفتے میں، انہوں نے بڑے پیمانے پر چھاپے مارنے کے احکامات جاری کیے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو حراست میں لیا گیا اور ملک بدر کیا گیا۔

حکومت کے مطابق، ان چھاپوں کا مقصد غیر قانونی طور پر رہنے والوں کو ملک سے نکالنا ہے، خاص طور پر وہ افراد جو مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسیاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں اور اس سے بے گناہ خاندانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزارت ریلویز کا 15 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا فیصلہ

سیلینا گومز کی ویڈیو نے نہ صرف امیگریشن پالیسیوں پر بحث کو دوبارہ زندہ کیا بلکہ یہ سوال بھی اٹھایا کہ ان اقدامات کے اخلاقی اور انسانی پہلوؤں کو کس طرح نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے حامی انہیں ضروری اور مؤثر سمجھتے ہیں، جبکہ ناقدین انہیں ظالمانہ اور غیر انسانی قرار دے رہے ہیں۔

امریکی معاشرے میں امیگریشن کا مسئلہ اب بھی قومی سیاست کا ایک حساس موضوع ہے.

More

Comments
1000 characters