زندگی میں کامیابی اور ناکامی دونوں طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کبھی ہماری محنت کا پھل مل جاتا ہے تو کبھی کسی کی تنقید یا طعنوں کا سامنا ہوتا ہے، اور کبھی ہمیں ذلت اور کمتری کا احساس ہوتا ہے۔
ایسے لمحوں میں بعض لوگ انتقامی سوچ رکھتے ہیں،جس سے انہیں سوائے اذیت کے کچھ حاصل نہیں ہوتا جب کہ کچھ افراد ان تکلیف دہ تجربات کو اپنی طاقت میں بدل کر کامیابی کی طرف گامزن ہو جاتے ہیں۔ وہ اپنے دکھوں کو توانائی میں تبدیل کرتے ہیں اور ان سے سبق لے کر اپنی منزل کو حاصل کرتے ہیں۔
اگر ہم زندگی میں کبھی چیلنجز کا سامنا کریں، تو ان عناصر کو اپنا کر خودسازی کے جذبے کو پروان چڑھا سکتے ہیں اور کامیاب ہو سکتے ہیں۔
سام سنگ کا فلیگ شپ ’ایس 25 الٹرا‘ فون پاکستان کیلئے لانچ، قیمت اور فیچرز آپ کو حیران کردیں گے
منفی توانائی کو مثبت رخ دینے کا مطلب ہے کہ آپ کو قدرت نے جو ذہنی، جذباتی اور جسمانی توانائی اور صلاحیتیں دی ہیں ان کو بہتر انداز میں استعمال کریں تاکہ آپ کی زندگی سکون، خوشیوں اور کامیابیوں کی دولت سے مالامال ہوجائے۔
یہ عمل خود کو بہتر بنانے، منفی سوچوں کو مثبت میں تبدیل کرنے اور اپنے ماحول کو خوشگوار بنانے کی کوششوں پر مرکوز ہوتا ہے۔ منفی توانائی کو مثبت توانائی میں بدلنے کے کچھ طریقے یہ ہیں۔ جسے اپنا کر آپ اپنی سوچ کا دائرہ منفی سے مثبت کی جانب موڑ سکتے ہیں۔
خیالات اور احساسات کو پہچاننا
منفی توانائی کا آغاز اکثر ہمارے خیالات اور احساسات سے ہوتا ہے۔ جب آپ کبھی افسردگی، غمگین یا غصے کی کیفیت میں ہوں تو ان عوامل کا جائزہ لیں۔ ان عوامل کوپہچاننا اور یہ سمجھنا کہ یہ عارضی ہیں، آپ کو ان سے باہر نکلنے میں مدد دے سکتا ہے۔
مراقبہ اور ذہنی سکون
مراقبہ یا یوگا جیسے ذہنی سکون کے طریقے منفی توانائی کو دور کرنے کے لیے بہت مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کی گئیں مراقبہ کی مشق آپ کو اپنے ذہن کو پرسکون رکھنے اور منفی خیالات سے بچنے میں مدد دیتی ہے۔
شکرگزاری
شکرگزاری زندگی میں مثبت توانائی لانے کا ایک طاقتور طریقہ ہے۔ جب آپ اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں اور کامیابیوں کا شکر ادا کرتے ہیں، تو آپ کا ذہن زیادہ مثبت ہوتا ہے۔ شکرگزاری کی عادت آپ کی زندگی میں ناقابل یقین توانائی لا سکتی ہے۔
جسمانی سرگرمیاں
ورزش اور جسمانی سرگرمیاں نہ صرف جسمانی لحاظ سے فائدہ مند ہیں بلکہ دماغی سکون فراہم کرنے کرنے کا بہت بڑا ذریعہ بھی ہیں۔ جب آپ جسمانی طور پر فعال ہوتے ہیں، تو آپ کا دماغ قدرتی طور پر خوشگوار کیمیکلز جیسے اینڈورفنز پیدا کرتا ہے جو آپ کو خوشی اور سکون کا احساس دلاتے ہیں۔
خود کو ایسی سرگرمیوں میں مشغول رکھیں جو آپ کو خوشی دیتی ہوں جیسے کہ کوئی نیا ہنر سیکھنا، کتابیں پڑھنا آپ کو مثبت توانائی فراہم کرتی ہیں۔
خود کلامی
ہماری اپنی آواز بہت طاقتور ہوتی ہے۔ اگر آپ خود سے منفی باتیں کرتے ہیں جیسے ”میں نہیں کر سکتا“ یا ”میں ناکام ہوں“، تو یہ منفی توانائی کا حصہ بن جاتی ہیں۔ لیکن حوصلہ افزائی پر مبنی کلمات جیسے ”میں یہ کر سکتا ہوں“ یا ”میں بہتر ہو رہا ہوں“، مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں۔
منفی لوگوں سے دوری
آپ کا ماحول اور لوگ آپ کی سوچ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اگر آپ ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں جو ہمیشہ منفی سوچتے ہیں یا آپ کو نیچا دکھاتے ہیں، تو یہ آپ کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے دور رہنا یا ان کے ساتھ مثبت گفتگو کرنا آپ کو مثبت رخ دینے میں مدد دے سکتا ہے۔