سردیوں میں پاؤں کی جلد اکثر پھٹی ہوئی اور کھردری ہو جاتی ہے، جس سے آرام دہ محسوس کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اپنے پاؤں کی دیکھ بھال کو بہتر بنائیں اور ان نکات پر عمل کریں تاکہ آپ کے پیروں کی خوبصورتی برقرار رہے۔
سردیوں کے موسم میں چہرے اور پیروں کی جلد خشکی کا شکار ہونے لگتی ہے۔ خاص طور پر پیروں کی ایڑیاں سخت اور پھٹی ہوئی نظر آتی ہیں، کیونکہ سرد ہوائیں جلد کی نمی کو ختم کر دیتی ہیں، جس سے جلد کی تہوں میں خشکی اور دراڑیں آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے پیروں کی جلد کمزور ہو جاتی ہے اور اس میں سختی آ جاتی ہے۔
جلد کی یہ خشکی صرف موسم کی وجہ سے نہیں بلکہ دیگر عوامل جیسے صفائی کی کمی یا مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بھی بڑھ سکتی ہے۔ سردیوں میں پیروں کی جلد کی بہتر دیکھ بھال کے لیے کچھ اہم احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔
رنگ گورا کرنے والی کریمیں گردوں کیلئے کتنی خطرناک ہیں؟
پیروں کی دیکھ بھال کے ماہر ڈاکٹر جتن متل کے مطابق، خشک ہوائیں اور جوتوں کی وجہ سے ایڑیوں کی جلد خراب ہوتی ہے، اور عمر کے ساتھ جلد کی لچک میں کمی بھی اس مسئلے کو بڑھاتی ہے۔
سردیوں میں پیروں کی جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ پیروں کو زیادہ دیر تک گیلا نہ چھوڑا جائے، کیونکہ اس سے فنگل انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، پیروں کو موئسچرائز کرنا اور آرام دہ جوتے پہننا اس خشکی کو کم کرنے اور ایڑیوں کو نرم رکھنے کے لیے مفید ہے۔ نہانے کے بعد پیروں پر موئسچرائزر لگانا اور فٹ ماسک کا استعمال بھی پیروں کی جلد کو نرم اور ہموار بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
سردیوں میں پیروں کی دیکھ بھال کے لیے یہ طریقے آزمائیں
پاؤں کو نیم گرم پانی سے دھوئیں
پاؤں کی جلد چہرے کی جلد کی طرح حساس ہوتی ہے، اس لیے اس کی دیکھ بھال میں احتیاط ضروری ہے۔ نیم گرم پانی کا استعمال پیروں کی جلد کو نرم رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔ آپ پانی میں نمک ملا کر پیروں کو چند منٹوں کے لیے بھگو سکتی ہیں۔ اس سے جلد نرم ہو جاتی ہے اور پھٹی ہوئی ایڑیوں سے نجات مل سکتی ہے۔
آفس کو لیٹ ہو رہی ہیں؟ تو 10 منٹ میں شاندار میک اپ کرنے کا یہ طریقہ جان لیں
کلینرا اور اسکرب کا استعمال
مردہ جلد کو ہٹانے کے لیےہلکے کلینزر اور اسکرب کا استعمال کریں۔ اس سے جلد کی خشکی دور ہوتی ہے اور چمک برقرار رہتی ہے۔ ایڑیوں، ناخنوں اور انگلیوں کی صفائی سے نہ صرف جلد کی تازگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ فنگل انفیکشن کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ اس طرح کی دیکھ بھال پیروں کو صاف، نرم اور صحت مند بناتی ہے۔
ایلو ویرا جیل کا استعمال
پیروں کی رنگت کو بہتر بنانے اور ان کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال فائدہ مند ہے۔ ایلو ویرا جیل کو اچھی طرح ملا کر پیروں پر لگائیں اور تقریباً 10 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر پاؤں دھو لیں۔ یہ جیل جلد کی تہوں میں موجود مٹی، آلودگی اور دھول کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے، جس سے جلد نرم اور تازہ رہتی ہے۔
ناخنوں کی دیکھ بھال
پاؤں کو خشک کرنے کے بعد ناخنوں کو کاٹنا ضروری ہوتا ہے، تاہم کٹیکلز کو کاٹنے سے گریز کریں کیونکہ یہ ناخنوں کی نشوونما کو متاثر کر سکتے ہیں۔ فنگل انفیکشن سے بچنے کے لیے ناخنوں کو ہفتے میں ایک بار کاٹنا بہتر ہے اور اس سے پاؤں کی صفائی بھی برقرار رہتی ہے۔
موئسچرائزر یا فٹ کریم کا استعمال
خشکی کی وجہ سے جلد میں دراڑیں پڑنا شروع ہو جاتی ہیں، خاص طور پر ایڑیوں پر۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے، پیروں اور ایڑیوں پر موئسچرائزر یا فٹ کریم لگائیں۔ ناریل کا تیل بھی ایک قدرتی متبادل ہے، جو خشکی کو کم کرتا ہے اور جلد کو نرم و ملائم رکھتا ہے۔
موزے پہننا
پیروں کو آلودگی اور دھول سے بچانے کے لیے موزے پہننا ضروری ہے۔ موزے پہننے سے ایڑیوں کی پھٹنے سے حفاظت ہوتی ہے اور جلد کی نمی برقرار رہتی ہے۔ جوتے پہننے سے پہلے موزے پہننا پیروں کو ٹھنڈی ہواؤں سے بچاتا ہے اور ان کی حفاظت کرتا ہے۔
آرام دہ جوتے کا انتخاب
جوتوں کا انتخاب کرتے وقت ان کے کشن کا خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ پیروں پر دباؤ کم ہو سکے۔ یہ نہ صرف پیروں کے درد سے بچاتا ہے بلکہ جلد کے خلیات کو بھی خراب ہونے سے روکتا ہے۔ روزانہ اونچی ہیلس پہننے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ یہ پیروں میں تکلیف اور درد کا سبب بن سکتا ہے۔