بالی ووڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ زینت امان نے انسٹاگرام پر اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے کی تفصیلات مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں جس میں وہ موت کے قریب پہنچ گئیں لیکن خوش قسمتی سے بچ نکلیں۔
زینت امان نے بتایا کہ وہ شوٹ سے واپسی پر بلڈ پریشر کی دوا لینے لگیں۔ جیسے ہی انہوں نے گولی کھانے کے بعد پانی پیا، انہیں محسوس ہوا کہ گولی ان کے حلق میں اٹک گئی ہے۔ اس اچانک صورتحال نے ان کی سانس لینے میں مشکلات پیدا کر دیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ گولی نہ تو نگلی جا رہی تھی اور نہ ہی اسے وہ اگل پا رہی تھیں، جس سے ان کی گھبراہٹ بڑھ گئی۔
امیتابھ بچن کی 82 سال کی عمر میں بھی شاندار فٹنس کا راز کیا؟
انہوں نے مزید بتایا کہ اُس وقت گھر میں صرف ان کے پالتو جانور، ایک کتا اور پانچ بلیاں موجود تھیں، اور ڈاکٹر کا نمبر بھی مسلسل مصروف تھا۔ گھبراہٹ کے عالم میں انہوں نے زاہان خان کو فون کیا جو فوراً ان کی مدد کے لیے پہنچے۔ زینت امان کے مطابق زاہان کے آنے تک ان کے حلق میں تکلیف بڑھ چکی تھی۔
بعدازاں انہوں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ گولی وقت کے ساتھ حل ہو جائے گی۔ اداکارہ نے صبر کرتے ہوئے گرم پانی کا استعمال جاری رکھا اور چند گھنٹوں بعد گولی خودبخود تحلیل ہو گئی، جس کے بعد وہ سکون محسوس کرنے لگیں۔
امیتابھ انڈسٹری چھوڑ کر کیا کرنے جا رہے تھے؟ زندگی کا یادگار لمحہ بتا دیا
زینت امان نے اس واقعے کو زندگی کا سبق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک یاد دہانی تھی کہ کبھی کبھی مسائل کا حل فوری عمل سے نہیں بلکہ صبر اور حوصلے سے ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ مشکل لمحات میں سکون اور ضبط سے کام لینا بہت ضروری ہے۔