چین میں ایک خاتون کی پالتو بلی کی غلطی سے لیپ ٹاپ کا بٹن دبنے سے اس کے باس کو استعفیٰ ارسال ہوگیا جس کے نتیجے میں خاتون نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
جنوب مغربی چین کے علاقے چونگ کنگ کی رہائشی 25 سالہ خاتون نے بتایا کہ اس کے گھر میں اُس کے ساتھ بلیاں رہتی ہیں۔ خاتون نے بتایا کہ اس نے لیپ ٹاپ پر استعفیٰ لکھ رکھا تھا لیکن اسے بھیجنے کے حتمی فیصلے کے بارے میں شش و پنج میں مبتلا ہونے کے سبب سوچ و بچار میں مصروف تھی۔
برطانوی کلینک مردہ پالتو جانوروں کو دوبارہ زندہ کرنے لگا
خاتون کے بقول اسی سوچ و بچار کے دوران اچانک اس کی ایک پالتو بلی نے اچانک لیپ ٹاپ پر چھلانگ لگادی جس سے Enter کا بٹن دب گیا اور استعفیٰ کی میل خاتون کے باس کو ارسال ہوگئی۔
خاتون کے مطابق اس کے گھر میں نگرانی کیلئے موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی یہ ناقابل یقین لمحہ ریکارڈ ہوگیا تھا۔ اپنی نوکری بچانے کے لیے خاتون نے اپنے باس سے رابطہ کیا اور انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ استعفیٰ اُس نے نہیں بھیجا بلکہ بلی کی غلطی سے ارسال ہوگیا تھا تاہم باس نے خاتون کی اس وضاحت پر اعتبار کرنے سے انکار کردیا۔
باس کی جانب سے استعفیٰ قبول کیے جانے کے بعد خاتون نہ صرف نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھی بلکہ سال کے آخر میں ملنے والا بونس سے بھی محروم رہ گئی جو اسے عنقریب ملنے والا تھا۔
پالتو بلی کی محبت میں خاتون طیارے سے اتر گئیں
مذکورہ چینی خاتون اب ایک نئی نوکری کی تلاش میں مصروف ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ اب ان کے پاس اپنی بلیوں کو کھانا کھلانے کے پیسے بھی ختم ہوتے جارہے ہیں۔
چینی خاتون کی یہ کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو انٹرنیٹ صارفین کیجانب سے مختلف مذاحیہ ردعمل سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ“ٗ آپ کی پالتو بلی دراصل آپ کے باس کی وفادار ہے جس نے بونس کے پیسے بچالیے“
ایک اور صارف نے لکھا کہ بلی کا شکریہ ادا کریں جس نے آپ کو فیصلے لینے میں مدد فراہم کی اور تذبذب سے نکال لیا ہے۔