خشکی ایک عام مسئلہ ہے جس میں کھوپڑی پر خشکی کے ذرات جمع ہو کر گرتے ہیں۔ یہ مسئلہ نہ صرف پریشانی کا باعث بنتا ہے بلکہ بالوں کی صحت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے، قدرتی طریقوں سے خشکی کو کم کرنا ممکن ہے۔
یہاں ہم آپ کو قدرتی طور پر خشکی سے نجات پانے کے چند مؤثر طریقے بتا رہے ہیں۔
ناریل کا تیل اور لیموں
خشکی کو کم کرنے کے لیے ناریل کا تیل اور لیموں ایک مؤثر قدرتی علاج ہیں۔ ناریل کا تیل کھوپڑی کو نم رکھتا ہے اور خشکی کو دور کرنے میں مددگار ہوتا ہے، جبکہ لیموں کی اینٹی مائکروبیل خصوصیات جراثیم کی افزائش کو روکتی ہیں جو خشکی کا سبب بنتے ہیں۔ ناریل کے تیل میں موجود اینٹی فنگل خصوصیات بھی خشکی کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
اس کے لیے، ایک کھانے کا چمچ تازہ نچوڑا ہوا لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ ناریل کے تیل میں ملا کر، اسے اپنی کھوپڑی پر لگائیں اور کم از کم 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر اسے دھو لیں۔
ایپل سائڈر سرکہ
سیب کا سرکہ کھوپڑی کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور فنگس کی افزائش کو روکتا ہے۔ اس میں موجود ایسٹک ایسڈ کھوپڑی کے پی ایچ لیول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا استعمال کھوپڑی کو صاف اور صحت مند رکھتا ہے، جس سے خشکی میں کمی آتی ہے۔ آپ ایپل سائڈر سرکہ کو شیمپو کے بعد کھوپڑی پر لگانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
ایک کپ پانی میں دو کھانے کے چمچ ایپل سائڈر سرکہ ملا کر اس محلول کو اپنے بالوں کی آخری کلی کے طور پر استعمال کریں۔
نیم کے پتے
نیم ایک قدرتی اینٹی بائیوٹک جڑی بوٹی ہے جو نہ صرف صحت کے مختلف مسائل کے لیے مفید ہے بلکہ یہ کھوپڑی کی صحت کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات خشکی جیسے مسائل سے نجات پانے میں مدد دیتی ہیں۔
نیم کے پتوں کو پانی میں ابال کر اس کا عرق تیار کیا جا سکتا ہے۔ جب پانی سبز رنگ کا ہو جائے اور نیم کے پتوں کا عرق پانی میں مکمل طور پر شامل ہو جائے، تو اسے چھان کر اس پانی سے اپنے بالوں کو دھوئے۔ یہ طریقہ خشکی کو کم کرنے اور کھوپڑی کو صاف رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
چائے کے درخت کا تیل
ٹی ٹری آئل ایک قدرتی جراثیم کش اور اینٹی فنگل تیل ہے جو خشکی کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس تیل کا استعمال کرنے کے لیے، آپ ناریل یا زیتون کے تیل جیسے کیریئر آئلز کا انتخاب کر سکتے ہیں اور ان میں چند قطرے ٹی ٹری آئل کے شامل کر کے اس مرکب کو اپنے سر پر لگائیں۔ اس کے بعد نرم ہاتھوں سے سر کی مالش کریں تاکہ تیل کی خصوصیات بہتر طور پر کھوپڑی تک پہنچ سکیں۔
مزید برآں، آپ اپنے معمول کے شیمپو میں بھی ٹی ٹری آئل کے چند قطرے شامل کر کے خشکی کو کم کرنے میں مدد لے سکتی ہیں۔
انڈا
انڈا پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے جو کھوپڑی کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کا استعمال خشکی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک قدرتی اور مؤثر طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ایک انڈا لے کر اسے اچھی طرح پھینٹیں اور پھر اس محلول کو اپنے سر پر لگائیں۔ 15 سے 20 منٹ کے لیے اسے اسی حالت میں چھوڑ دیں اور بعد میں ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ اس عمل کو باقاعدگی سے کرنے سے خشکی میں کمی آتی ہے اور کھوپڑی کی حالت بہتر ہوتی ہے
دہی اور شہد
دہی اور شہد کا مرکب کھوپڑی کو قدرتی طور پر نمی فراہم کرنے اور خشکی کو کم کرنے کے لیے بہت مؤثر ہے۔ دہی میں موجود پروبائیوٹکس کھوپڑی کی صحت کو بہتر بناتے ہیں، جبکہ شہد میں ہائیڈریٹنگ خصوصیات ہوتی ہیں جو خشکی کی علامات کو دور کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
اس قدرتی علاج کو بنانے کے لیے دو حصے دہی اور ایک حصہ شہد لیں، اور اس مکسچر کو اپنے سر پر لگائیں۔ اچھی طرح سے مساج کرنے کے بعد اس کو کچھ وقت کے لیے چھوڑ دیں، پھر نیم گرم پانی سے اپنے سر کو دھولیں۔ یہ طریقہ خشکی کو کم کرنے اور کھوپڑی کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ایک آسان اور قدرتی حل ہے
ایلوویراجیل
ایلوویراجیل قدرتی طور پر کھوپڑی کی سوزش کو کم کرنے اور بالوں میں نمی فراہم کرنے کے لیے انتہائی مؤثر ہے۔ اس میں موجود اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات خشکی کے سبب پیدا ہونے والی تکالیف کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
ایلو ویرا جیل کو اپنی کھوپڑی پر لگائیں اور کم از کم 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں تاکہ یہ مکمل طور پر اثر کرے۔ اس کے بعد اپنے بالوں کو معمول کے مطابق دھو لیں۔ یہ عمل نہ صرف خشکی کو کم کرتا ہے بلکہ بالوں کو نرم و ملائم بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔