ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کولڈ پلے کا کنسرٹ، وہ بھی ان کے مشہور ’میوزک آف دی اسپیئرز‘ ورلڈ ٹور کا حصہ، ہزاروں لوگوں کے لیے ایک خواب تھا۔ لیکن پراچی سنگھ کے لیے یہ خواب ایک ڈراؤنا خواب بن گیا—اور وہ بھی اپنی نوکرانی کی ’صفائی پسندی‘ کی وجہ سے!

پراچی اور ان کے شوہر نے بڑے شوق سے کولڈ پلے کے دو قیمتی ٹکٹ خریدے تھے۔ وہ انہیں ایک ریپر میں لپیٹ کر اپنی کھانے کی میز پر رکھ کر مطمئن ہو گئے۔ لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا! اگلے دن، جب یہ جوڑا کنسرٹ کے لیے تیار ہوکر نکلنے لگا تو اچانک انہیں احساس ہوا کہ ٹکٹ غائب ہیں۔

پراچی نے فوراً اپنی نوکرانی سے پوچھا، تو جواب آیا، ’وہ تو صفائی مائی نے پھیک دیے‘ جی ہاں، صفائی کے باعث قیمتی ٹکٹ کچرے کے ڈبے میں جا پہنچے تھے۔

اس کے بعد شروع ہوئی ایک مہم جوئی یعنی تلاش! پراچی اور ان کے شوہر نے عمارت کے کوڑا اٹھانے والے عملے کو راضی کیا کہ وہ دن بھر کا کچرا کھنگالیں۔ کوڑے کے تھیلے کھلتے گئے، لیکن بدقسمتی سے ٹکٹوں کا کوئی نشان نہ ملا۔

پراچی نے اپنی کہانی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے شیئر کی، جس میں وہ کوڑا چیک کرتے ہوئے دکھائی دیں۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے اپنے دل کی بھڑاس کچھ اس انداز میں نکالی!

’ڈرائیور انتظار کر رہا تھا، ہم تیار کھڑے تھے، اور ہمارے ٹکٹ کوڑے میں گم ہو چکے تھے!‘

یہ کہانی جہاں دل کو دکھانے والی تھی، وہیں اس کے مزاحیہ پہلو نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔ صارفین نے ہمدردی اور طنز بھرے تبصروں کے ساتھ کمنٹس سیکشن کو بھر دیا۔

اگرچہ پراچی اور ان کے شوہر کنسرٹ دیکھنے سے محروم رہ گئے، لیکن ان کی یہ’صفائی مہم’ ضرور وائرل ہوگئی!

تو اگر آپ بھی کولڈ پلے کے دوسرے کنسرٹ (21 جنوری) یا احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم والے شودیکھنے جا رہے ہیں، تو ایک سبق ضرور یاد رکھیں!! اپنے ٹکٹوں کو اپنی نوکرانی کی پہنچ سے دور رکھیں!

More

Comments
1000 characters