معروف بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اداکار سیف علی خان پر حملے کے بعد فرار تھا، اور دو روز تک کپڑے بدل کر پولیس کو چکمہ دیتا رہا اور ممبئی شہرمیں ہی گھومتا رہا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سیف پر حملے کے 6 گھنٹے بعد ملزم نے صبح 9 بجے کے قریب ایک اسٹور سے ہیڈ فون خریدے جو سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا۔
سیف علی خان ڈکیتی مزاحمت پر شدید زخمی، ڈاکوؤں کے چاقو سے کئی حملے
تاہم اب بھارتی ریلوے پولیس نے ملزم کو پکڑلیا ہے اور اس کی شناخت 31 سالہ آکاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
چھتیس گڑھ کے تھانہ ریلوے کے حکام نے بتایا کہ ملزم کو اس کے موبائل فون اور ٹاورکی لوکیشن سے گرفتار کیا گیا۔ مبئی پولیس نے ملزم کی تصویر، موبائل فون اور ٹاور لوکیشن بھیجی اور بتایا تھا کہ وہ گنیشوری ایکسپریس میں سفر کر رہا ہے، ملزم کو چیک کیا گیا تو وہ ٹرین میں موجود تھا۔
سیف علی خان کو اسپتال پہنچانے والے رکشہ ڈرائیور نے کیا بتایا؟
ریلوے پولیس حکام نے بتایا کہ ویڈیو کال کے ذریعے ممبئی پولیس سے تصدیق کی گئی جس پر اسے پکڑا گیا اور اب ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس ٹکٹ بھی نہیں تھا، ابتدائی تفتیش میں اس نے بتایا کہ وہ ممبئی کا رہنے والا ہے، تاہم ملزم مسلسل بیان بدل رہا ہے۔
مشتعل حملہ آور نے میری جیولری کو ہاتھ نہیں لگایا، کرینہ کپور
واضح رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی میں سیف علی خان کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے دوران انہیں 6 زخم آئے، جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔