مشہور تامل فلم “پشپا 2 “ کے اداکار الو ارجن نے جمعہ کی رات جیل میں گزاری۔ آج یعنی ہفتہ کی صبح الو ارجن کو رہا کیا گیا۔ جیل سے رہائی کے بعد اللو ارجن سب سے پہلے گیتا آرٹس کے دفتر گئے۔ اس کے بعد وہ اپنے گھر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق “پشپا اداکار الو ارجن کو جمعہ کی را ت جیل میں گزارنے کے بعد ہفتہ کی صبح رہا کردیا گیا۔ اداکار کی رہائی سے پہلے ہی مداح چنچل گوڈا جیل کے باہر جمع ہوگئے تھے تاہم اداکار کو جیل کے پچھلے گیٹ سے باہر لے جایا گیا۔
پولیس نے کہاں سے پکڑا؟ تامل فلم اسٹار نے سب بتا دیا
جیل سے رہا ہونے کے بعد الو ارجن اپنے والد کے ہمراہ گیتا آرٹس کے دفتر گئے، جہاں فلمی دنیا سے وابستہ شخصیات سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ اپنے گھر چلے گئے۔ ان کی اہلیہ اسنیہا انہیں دیکھ کر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس نے بتایا کہ الو ارجن کی جیل سے رہائی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو میں تیلگو اداکار کو اپنے خاندان سے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں الو ارجن کی بیوی، بیٹا اور بیٹی نظر آرہے ہیں، جبکہ الو ارجن کی اہلیہ اپنے شوہر کی رہائی پر جذباتی ہو کر انہیں گلے لگارہی ہیں۔
گھر پہنچنے پر پہلے سے موجود میڈیا کے افراد سے بات کرتے ہوئے الو نے ان کی حمایت کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ہندوستانی نظام انصاف پر پورا بھروسہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں 30 سے زیادہ بار سندھیا تھیٹر جا چکا ہوں اور آج سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا یہ سب حادثاتی تھا اور یہ صورتحال میرے خاندان کے لیے بہت مشکل تھی۔
واضح رہے کہ 4 دسمبر کوحیدر آباد میں فلم ’پشپا 2‘ کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکت کے معاملے میں مشہور تیلگو فلم اسٹار کو جمعہ کے روز ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اس افسوسناک واقعہ میں 39 سالہ خاتون جاں بحق اور ان کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا تھا۔
الو کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر عبوری ضمانت دی تھی۔