فلم ”پشپا2“ کے ہیرو تامل فلم اسٹار کو گذشتہ روزعدالت میں پیش کیا گیا، اللو ارجن نے عدالت کو بتایا کہ پولیس گرفتاری کے لئے میرے بیڈ روم میں گھس گئی، پولیس اہلکاروں کا اس طرح کا ایکشن انتہائی غلط اور افسوس ناک تھا۔
پریمیئر کے موقع پر مچ جانے والی بھگدڑ کے نتیجے میں خاتون کی موت کے بعد مشہور تامل فلم اسٹار اللو ارجن کو گذشتہ روز حیدرآباد پولیس نے عدالت میں پیش کر دیا۔
41 سالہ تامل سپر اسٹار نے عدالت میں جج کے سامنے کہا کہ میں نے پولیس والوں سے کہا کہ مجھے گرفتار کرنا غلط نہیں، لیکن میرے سونے کے کمرے میں اس طرح سے گھسنا درست نہیں۔
’پشپا ٹو‘ ریلیز کے صرف چھ دنوں میں ایک ہزار کروڑ کمانے والی پہلی انڈین فلم
اللو ارجن نے عدالت کو بتایا کہ میں نے اہلکاروں سے درخواست کی کہ میری گرفتاری پیر تک ملتوی کی جائے ، میں کپڑے بدلنا چاہتا ہوں، کسی ایک فرد کو ساتھ لے جانا چاہتا ہوں، لیکن پولیس نے میری ایک نہ سنی۔
تامل سپر اسٹار نے کہا تھا کہ وہ خاتون کی موت سے بہت افسردہ ہیں اور غمزدہ خاندان کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ان سے ذاتی طور پر ملاقات کریں گے۔
’پُشپا 2‘ کی اسکریننگ میں خاتون کی ہلاکت پر اَلو ارجن کے خلاف مقدمہ درج
واضح رہے کہ اللو ارجن کو حیدرآباد پولیس نے حراست میں لیا ۔ ان کی گرفتاری حیدرآباد میں فلم ”پشپا2“ کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ کے نتیجے میں خاتون کی موت کے سلسلے میں عمل میں آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاکت کا یہ افسوسناک واقعہ 4 دسمبر کو پیش آیا تھا جس میں 39 سالہ خاتون کی موت ہوگئی تھی جب کہ اس کے بیٹے سمیت کچھ دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کے پریمیئر میں اداکار اور ان کی ٹیم کی آمد کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
پشپا 2 کی دھماکہ خیز انٹری، ایڈوانس میں 10 لاکھ ٹکٹ فروخت
ڈپٹی کمشنر پولیس سینٹرل زون حیدر آباد پولیس اکشنش یادو نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اسٹیشن میں متاثرہ خاندان کی شکایت پر بی این ایس سیکشن 105 اور 118 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں، واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب اداکار کی گرفتاری کے فوراً بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ وہ کافی پی رہے ہیں اور بعد میں پولیس اہلکار انہیں لے جاتے ہیں، ان کے ساتھ ان کی اہلیہ ، والد اور بھائی بھی موجود تھے۔
علاہ ازیں بھگدڑ 4 دسمبر کو اس وقت مچی تھی جب اللو ارجن نے سندھیا تھیٹر کا اچانک دورہ کیا ، جہاں ان کی بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2‘ کی نمائش کی جارہی تھی ، لوگ مقبول اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے پہنچ گئے۔ اس دوران بھگدڑ میں خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوا تھا۔