فلمی دنیا میں ایسی بہت سی مثالیں ملتی ہیں کہ کسی نے کسی کے احسان کا بدلہ چُکانا چاہا تو مثال ہی قائم کر ڈالی۔ نِکِھل ایڈوانی نے کچھ ایسی ہی بات امتیابھ بچن، شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے کی فلم ’محبتیں‘ کے حوالے سے بھی بتائی ہے۔

ایک انٹرویو میں نِکِھل ایڈوانی نے کہا کہ فی زمانہ ہر معاملے کو صرف دولت کی عینک لگاکر دیکھا جارہا ہے مگر ایسا ہمیشہ سے نہیں تھا۔ ایسے دور بھی گزرے ہیں جب رشتوں اور تعلقات کو دولت پر ترجیح دی جاتی تھی۔

نِکِھل ایڈوانی نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے ’محبتیں‘ میں کام کرنے کا معاوضہ صرف ایک روپیہ لیا تھا۔ یش چوپڑا سے امیتابھ بچن کا خاص تعلق رہا ہے۔ دیوار، ترشول، سلسلہ وغیرہ کے ڈائریکٹر یش چوپڑا ہی تو تھے۔

یہ بات ہے 1990 کی دہائی کے اواخر کی۔ تب امیتابھ بچن کا کریئر مشکلات سے دوچار تھا۔ ایسے میں محبتیں اُن کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی۔ فلم ڈائریکٹر آدتیہ چوپڑا تھے اور اُن کی پشت پناہی یش چوپڑا کر رہے تھے۔ امیتابھ بچن نے اس فلم کے لیے معاوضے کی مد میں صرف ایک روپیہ لیا۔ اس کا سبب یہ تھا کہ 1981 میں یش چوپڑا نے امیتابھ بچن کو ’سلسلہ‘ کے لیے منہ مانگا معاوضہ دیا تھا۔

محبتیں 2000 میں ریلیز ہوئی تھیں اور اُس سال کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں سے تھی۔ اس فلم میں شاہ رخ اور ایشوریہ کے علاوہ اُدے چوپڑا، جمی شیرگِل اور جگل ہنس راج نے بھی کام کیا تھا۔

بالی وڈ کے ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کی پہلی فلم ’جوار بھاٹا‘ کے ڈائریکٹر امِیہ چکرورتی تھی۔ بعد میں جب دلیپ کمار کے عروج کے دور میں امِیہ چکرورتی پر بُرا وقت آیا تو دلیپ کمار نے اُن کی فلم ’داغ‘ میں کام کرنے کا معاوضہ صرف ایک روپیہ لیا۔ یہ فلم سپرہٹ رہی اور امِیہ چکرورتی کی تمام مشکلات دور ہوگئیں۔

More

Comments
1000 characters